کھیل

وائٹ واش کے منڈلاتے سائے، شاہین کیویز سے چوتھا میچ بھی نہ جیت پائے

کرائسٹ چرچ:پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دیدی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے 5 ٹی 20 میچز کی سیریز میں پاکستان پر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے، نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، کیویز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔
شاہینوں کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر سلپ میں کیچ آٹ ہو گئے۔
پاکستان کے دوسرے آٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعے پر 19 رن بنا کر آٹ ہوئے، 88 رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔
اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آٹ ہو گئے۔
ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، 126 کے مجموعی سکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
محمد رضوان 63 گیندوں پر 90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آٹ رہے۔
دوسری اننگز کے آغاز میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے تباہ کن بالنگ کرتے ہوئے 20 رنز کے مجموعے پر تین کیوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بعد میں آنے والے بلے باز ڈیرل مچل نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 72 اور گلین فلپس نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر فن ایلن نے 8، ول ینگ نے 4 رنز سکور کیے جبکہ ٹم سائفرٹ کوئی رن نہ بنا سکے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین وکٹیں لیں جبکہ دوسرے بالرز کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
قبل ازیں کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ورلڈکپ کی تیاری کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پاکستان ٹیم میں کپتان شاہین آفریدی، نائب کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونئیر، حارث روف اور زمان خان شامل تھے۔
پانچویں ٹی 20 میچ میں ہار کی صورت میں قومی ٹیم کو سال کے دوسرے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑے گا، اس سے قبل پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز 0-3 سے ہاری تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button