
اسلام آباد۔:بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ سٹاف سطح کے معاہدے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالرکی فوری معاونت جاری ہوگی۔ وزارت خزانہ کے ترجمان نے جمعرات کی شب یہاں جاری بیان میں کہاہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹوبورڈ نے سٹینڈبائی معاہدہ کے تحت پاکستان میں اقتصادی اصلاحات کے پہلے جائزہ کی منظوری دیدی ہے۔بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کیلئے فوری طورپر 70 کروڑ ڈالر کی معاونت جاری ہوگی، مزید 70 کروڑ ڈالرکی امداد کے بعد پاکستان کیلئے سٹینڈبائی معاہدے کے تحت کل معاونت کاحجم 1.9 ارب ڈالرہوجائیگا۔ اس سے قبل نومبرمیں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف کی سطح پر معاہدہ طے پاگیا تھا، سٹاف سطح کے معاہدے کے بعد آئی ایم ایف نے کہاتھا کہ پاکستان نے تمام معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں، آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں کمی کا امکان ہے، مارکیٹ بنیاد پر ایکسچینج ریٹ پر عمل جاری رکھنے کا وعدہ کیا گیا ہے،ایکسچینج مارکیٹ پر دباؤ کم ہو رہا ہے، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اصلاحات کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ئی ایم ایف کے مطابق پروگرام کے تحت معاشی بحالی جاری ہے، دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام آرہا ہے، وفاقی بجٹ پر عمل درآمد سے پالیسیوں میں تسلسل آیا ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی گئی۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان بیرونی خطرات سے متاثر ہو سکتا ہے، جیو پولیٹیکل کشیدگی اور اجناس کی قیمت میں اضافے سے ابھرنے کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے، سخت عالمی مالی حالات کی وجہ سے ابھرنے کے لیے بھی کوشش جاری رکھنے کی ضرورت ہے، میکرو اکنامک پائیدار ی کی مضبوطی اور متوازن شرح نمو میں اضافہ بنیادی ترجیحات ہیں،مالی استحکام کے لیے پبلک قرض کم کرنا بھی ترجیح ہے۔