اسلام آباد۔ :خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے اپنی کارکردگی کا تسلسل بر قرار رکھا تو بہت جلد پاکستانی معیشت میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی، پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات 40 سے 50 فیصد سالانہ کی بنیادپر بڑھ سکتی ہیں، ان خیالات کا اظہار معروف پاکستانی ٹیک انٹر پرینیور ،سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نعمان سعید نے کہا کہ پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سروسز ایکسپورٹ نومبر 2023 میں ماہانہ بنیادوں پر 14 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 20 فیصد تک بڑھی ہیں تاہم اس میں مزید اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے اور ایک تخمینہ کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات 40 سے 50 فیصد سالانہ کی بنیادپر بڑھ سکتی ہیں اور پاکستان نے ماضی میں یہ کر کے بھی دکھایا ہے ۔انہوں نے اپیل کی کہ ایس آئی ایف سی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری کو ترجیح دی جائے کیونکہ یہی وہ شعبہ ہے جس کے ذریعے پاکستان کی سالانہ برآمدات میں ہونے والا اضافہ انتہائی قلیل مدت میں کئی گنا تک بڑھ سکتا ہے اور موجودہ کڑے حالات میں یہ پاکستان کے لئے نا گزیر ہے۔ نعمان سعید نے کہا کہ ہم ایس آئی ایف سی سمیت تمام حکومتی اداروں کو دنیا کی مارکیٹ کے حوالے سے تجاویز اور رہنمائی دینے کے لئے تیار ہیں۔
0 36 1 minute read