رائیونڈ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگی قائد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دل کی تکلیف ہوتی ہے تو یہ خود لندن بھاگ جاتے ہیں’ اس وقت بھی کہا تھا اتنی دور جانے کی ضرورت نہیں’ کراچی آجائیں ہم نے این آئی سی وی ڈی بنایا ہے۔
رائیونڈ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ راؤنڈ کے لوگوں کو سمجھانا چاہتے ہیں اگر عوامی حکومت بنانی ہے تو یہ ن لیگ نہیں کرسکتی’ عوامی حکومت صرف شہیدوں کی جماعت ہی کرسکتی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس پلان ہے، پیپلز پارٹی عوام کی قسمت بدلے گی۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار میو کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، این اے 125 سے پیپلز پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، پیپلز پارٹی ہر حلقے سے جیتنے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے، ہم حکومت بنانے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نفرت، تقسیم، گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم اپنا منشورعوام کے پاس لے کر جائیں گے، کارکن گھر گھر جا کر 10 نکاتی ایجنڈا پیش کریں، ہم اپنے وعدوں کو پورا کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے پاس پلان ہے ہم تنخواہوں کو دگنا کریں گے، ہم غریب طبقے کو مفت بجلی دیں گے، نوجوانوں سے وعدہ ہے مفت اور معیاری تعلیم دلوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھا وعدہ ہر شخص کو مفت علاج کی سہولت دیں گے، سندھ کے ہر ضلع کی طرح پنجاب میں بھی مفت علاج کی سہولیات دیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، غریب عوام سے وعدہ ہے 30 لاکھ گھربنا کر دوں گا، میرا پیغام پنجاب کی ہر کچی آبادی تک پہنچائیں، پیپلزپارٹی کی حکومت میں کچی آبادی کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دلوائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹا پروگرام شروع کریں گے، ہمارا ٹریک ریکارڈ ہے ہم اپنے وعدے پورے کریں گے، پیپلز پارٹی کے منشور کو گھر، گھر لے کر جائیں، نفرت کی سیاست کو دفن کر کے ہم عوام کی قسمت بدلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت، مہنگائی، بیروزگاری سے ہے، تیر پر ٹھپہ لگائیں ہم عوام کی خدمت کریں گے۔
0 84 2 minutes read