راولپنڈی :آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
فورم نے فیصلہ کیا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔فورم نے دہشت گرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش کا اظہار کیا اور پڑوسی ملک سے دہشتگردوں کی کارروائیاں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی پاکستان کی سکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیں۔
کانفرنس کے شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی جبکہ فورم نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور تنازع کے پرامن حل کے مطالبے کے حکومتی مقف کا اعادہ کیا۔کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مسلسل جبر پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور بھارتی فوج کی شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں۔شرکا کانفرنس کا کہنا تھاکہ بھارتی فوج کی کارروائیاں کشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی قوانین کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کامعیار برقرار رکھنے، ذہنی اورجسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کیدوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔فورم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
0 74 1 minute read