ممبئی:نامور بھارتی اداکار ابھیشیک بچن کو فلم” رنگ دے بسنتی ”کیلئے پیشکش ہوئی تھی جسے انہوں نے چھوٹی سی وجہ کے باعث ٹھکرادیا تھا۔اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران ابھیشیک نے بتایا کہ عامر خان کی اس فلم کی اسکرپٹ کو وہ نہ سمجھ سکے تھے جس کی وجہ خود پروڈیوسر اوم پراکاش مہرا تھے۔ ابھیشیک کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ اوم پراکاش مہرا اور انہوں نے ایک فلم کیلیے اسکرپٹ تیار کیا، اسے اپنے والد امیتابھ بچن کے پاس لے کر گئے اس امید کے ساتھ کہ وہ اپنی کمپنی اے بی سی ایل کے بینر تلے اسے پروڈیوس کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ اوم پراکاش مہرا نے فلم اسکرپٹ امیتابھ بچن کو سنائی اور اس وقت اندازہ ہوا کہ وہ دنیا کے سب سے برے بیان کنندہ ہیں۔ ابھیشیک نے کہا کہ فلم ساز اوم پراکاش مہرا آپ کو الجھن میں ڈال دیں گے اور ایسا ہی انہوں نے میرے ساتھ فلم رنگ دے بسنتی کی اسکرپٹ سناتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میں ان کی اسکرپٹ سمجھ نہیں سکا، وہ ٹائم زون سے ٹائم زون کی باتیں کر رہے تھے۔ میں نے ان سے کہہ دیا کہ ‘مجھے سمجھ نہیں آئی، مجھے نہیں کرنی فلم۔’ساتھ میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے فلم دہلی 6 کیلیے اسکرپٹ پڑھے بغیر ہی ہاں کردی تھی۔خیال رہے کہ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم رنگ دے بسنتی اس وقت کی ہٹ فلم ثابت ہوئی تھی۔ اس میں عامر خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ دیگر اداکاروں میں کنال کپور، سدھارتھ، شرمن جوشی، اتل کلکرنی، سوہا علی خان، کیرن کھیر، وحیدہ رحمان، انوپن کھیر اور ام پوری جیسے بڑے اداکار شامل تھے۔
0 44 1 minute read