اسلام گڑھ( بیورو چیف جاوید اقبال بٹ سے)برطانیہ کے شہر سٹوک آن ٹرینٹ کے لارڈ میئر ماجد خان کا جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین)ستارہ پاکستان(کی دعوت پر آزاد کشمیر کا دورہ،میرپورعلاقہ بینسی پہنچنے پر شاندار والہانہ استقبال، بینسی میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین(ستارہ پاکستان)کی طرف سے استقبالیہ دیا گیا۔قبل ازیں لارڈ میئر ماجد خان وزیراعظم آزاد کشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف کے ہمراہ جب بینسی پہنچے تو ان کا شاندار والہانہ استقبال کیا گیا اس موقع پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں اور انہیں ہار پہنائے گئے۔لارڈ میئر جب پنڈال میں پہنچے تو شرکا نے کھڑے ہوکر ان کا پرتباک استقبال کیا۔ استقبالیہ تقریب سے لارڈ میئر ماجد خان، وزیراعظم آزاد کشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف، جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،سابق مشیر حکومت راجہ شوکت خالق،ممتاز قانون دان ریاض نوید بٹ ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر چوہدری جاوید قادر،سابق امیدوار اسمبلی سائیں ذوالفقار،کونسلر توقیر نجیب،چیئرمین میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ انیس رضا کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کیا۔استقبالیہ تقریب میں بزرگ رہنما حاجی ذوالفقار علی،سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید،سالار ممتاز چشتی،جے کے ایس ڈی ایم آئی کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم،سابق سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس یو کے محمد اعظم،راجہ عبدالقیوم،راجہ غلام حیدر خان،راجہ محمد زمان خان،ممتاز بینکار راجہ محمد فاروق خان،سابق ایڈمنسٹریٹر لالہ تصدق رفیقی،کونسلر مسعود خان کے علاوہ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض امجد خان نے سرانجام دیئے۔ برطانوی لارڈ میئر سٹوک آف ٹرینٹ حاجی ماجد خان نے کہا کہ میں دو بار لارڈ میئر بننے والا پہلا پاکستانی ہوں۔جس شہر سے میں لارڈ میئر بنا ہوں وہاں سے 6 بار میں بلا مقابلہ کونسلر بنا ہوں یہ میری وہاں سیاست میں بلاتفریق خدمات، والدین کی دعاں اوراہلیان سٹوک کا مجھ پر اعتماد کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کی سیاست میں شرکت روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔نوجوان نسل ہمارا مستقبل اور پہچان ہیں ان کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہیں۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز کشمیری و پاکستانی نے برطانیہ میں جاکرزرمبادلہ کی صورت میں نہ صرف ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا بلکہ برطانیہ کی سیاست میں حصہ لیکر ریاست جموں و کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کو بھی اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیاہے۔انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ پر عالم اسلام کی خاموشی کوقابل افسوس قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے راجہ نجابت حسین کی بے مثال خدمات ہیں جن کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ پاکستان سے نوازا ہے یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔راجہ نجابت حسین نے برطانیہ، یورپی ممالک، پاکستان اور آزاد کشمیر میں تحریک آزادی کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کام کررہے ہیں یہ کشمیر کی آزادی کے دنیا بھر میں سفیر ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان نے کہاکہ حاجی ماجد خان نے سٹوک کا دو مرتبہ لارڈ میئر بن کر جو اعزاز حاصل کیا ہے ہماری دعا ہے کہ وہ مستقل میں برطانوی ممبر آف پارلیمنٹ بنیں۔انہوں نے راجہ نجابت حسین کی تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ راجہ نجابت حسین نے تحریک آزادی کشمیر کو بیرونی سطح پراجاگر کرنے میں جو خدمات سرانجام دی ہیں اسی کے باعث تحریک آزادی کشمیر بین الاقوامی سطح پر زندہ ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور فلسطین پر اسرائیلی حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر اور فلسطین پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بند کروانے میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری اپنا کردار ادا کرئے۔ وزیر اعظم کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق رٹھوعہ ہریام برج کے زیر التوا منصوبہ کی تکمیل کے لئے وار فٹنگ بنیادوں پر کام کررہے ہیں اس قومی منصوبہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگی ہیں اب اس منصوبہ پر جلد کام شروع ہوگا اور یہ قومی منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا جس سے خطہ کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔ جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہاکہ لارڈ میئر حاجی ماجد خان اس خطہ کا عظیم سپوت اور ہمارااعزاز ہیں انہوں نے برطانیہ کی سیاست میں اہم کردار ادا کرکے ریاست جموں کا نام بھی روشن کیا ہے۔ ان کی سیاسی و سماجی اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے دی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے کہاکہ اوورسیز کشمیری ہمارا قیمتی اثاثہ اور پہچان ہیں جنھوں نے دیار غیر میں جاکر محنت و مشقت سے وطن عزیز کے لئے زرمبادلہ بھیجتے ہیں وہاں انہوں نے برطانیہ کی سیاست میں حصہ لیکر ملک و ریاست کا نام روشن کیا۔
0 30 3 minutes read