صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے غزہ میں جاری قتل عام اور انسانیت کے خلاف جرائم کے خاتمے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے صدور کے درمیان تقریبا45 منٹ کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ گفتگو میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچوں سمیت19 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادتوں کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جنگ بندی نافذ کرانے اور ناقابل بیان اسرائیلی مظالم کو رکوانے میں ناکام رہی ہے۔ عارف علوی نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر اصولی موقف اور فلسطینی کاز کی حمایت پر بھی ایرانی قیادت کو سراہا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
0 113 1 minute read