قاہرہ: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ غزہ میں نئی جنگ بندی پر بات چیت کے لئے قاہرہ پہنچ گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں نئی جنگ بندی پر مذاکرات کیلئے قطر میں مقیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ منگل کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے جہاں ان کے مصری انٹیلی جنس چیف عباس کامل و دیگر کے ساتھ مذاکرات طے ہیں۔ اسماعیل ہنیہ نے قاہرہ پہنچنے سے قبل دوحہ میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بھی ملاقات کی جس میں غزہ مغربی کنارے کی صورت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اسماعیل ہنیہ قاہرہ میں غزہ اور مغربی کنارے میں جنگ کے بعد کے مستقبل کے بارے میں اپنے فلسطینی حریفوں کے ساتھ بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک مزید مغویوں کی رہائی کے لئے غزہ میں حماس کے ساتھ ایک نئی عارضی جنگ بندی پر رضا مندہے۔
0 91 1 minute read