
فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں گیس لیکج کے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی۔ ملک پور میں واقع فیکٹری میں ہونے والا دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری زمین بوس ہوگئی اور اس میں آگ لگ گئی جب کہ ملحقہ مکانوں کی چھتیں گر گئیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردیں، اب تک 14 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 2 زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق 6 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے، فیکٹری اور گھروں کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ کمشنر فیصل آباد کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ فیکڑی میں دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے کے نتیجے میں ہوا، ملک پور میں 4 فیکٹریاں ایک ساتھ منسلک ہو کر کام کر رہی تھیں، زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے جڑے گھروں کے رہائشیوں کا ہوا۔کمشنر کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 رکن کمیٹی قائم کی جارہی ہے۔




