
وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی سرکلر ریلوے کی جلد بحالی کا اعلان کر دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے شہر کی ضرورت ہے اس بارے میں ہر جگہ بات کی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ تہران سے استنبول کے روٹ کو بحال کریں گے تو پاکستان ریلوے کو چار چاند لگ جائیں گے ۔ شالیمار ایکسپریس کو مکمل طور پر نئی ٹرین بنا دیا گیا ہے، محکمہ ریلوے نے کراچی کینٹ کو مہارت سے بحال کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے نے شالیمار کو آؤٹ سورسنگ سے نیا بنادیا ہے، شالیمار ٹرین کی صفائی کراچی ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تھرکول کو ٹرانسپورٹ کرنے کیلئے وفاق اور سندھ حکومت کا اشتراک ہے، یہاں ریلوے ایک بوسیدہ نظام بن گیا ہے، حنیف عباسی نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر اس بوسیدہ نظام کو جدید کیا، میں حنیف عباسی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔واضح رہے کہ پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کینٹ اسٹیشن کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔بعد ازاں وزیراعظم شہبازشریف نے شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح بھی کیا۔




