
پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر منیب نواز نےکہا ہےکہ اگر کوئی کام آپ کی توقع کے عین مطابق نہ ہو تو اسے آپ ناکامی نہیں کہہ سکتے۔فیشن ڈیزائنر منیب نواز حال ہی میں جیو پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران انہوں نے اپنے کیرئیر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
زندگی میں ناکامی کا سامنا کرنے سے متعلق سوال پر منیب نواز نے کہا کہ’ اگر کوئی کام آپ کی توقع کے عین مطابق نہ ہو تو اسے ناکامی نہیں کہا جاسکتا، اگر کوئی شخص کسی ناکامی کے بعد اپنی بہتری کیلئے کیلئے کام نہیں کرتا تو یہ اس کی ذمہ داری ہے، اسے ناکامی نہیں کہہ سکتے، کسی فلم کی بھی مثال لیں تو ہر فلم میں ہیرو کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن آخر میں جیت اسی کی ہوتی ہے لہٰذا اپنی فلم کے ہیرو خود بنیں اور محنت جاری رکھیں‘۔منیب نواز کا کہنا تھا کہ’ میں نے بھی زندگی میں کئی بار پیشہ ورانہ اور ذاتی طور پر ناکامیوں کا سامنا کیا، اس صورتحال میں مجھے رشتے داروں سمیت دوست احباب سے ہر طرح کی سپورٹ حاصل رہی، دوسری جانب میں نے خود کو کبھی بھی رکنے نہیں دیا، محنت جاری رکھی، آج اپنی زندگی کے برے تجربات پر بھی اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں‘۔




