
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد ضلع کچہری میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پوری قوم کے لیے wake up call قرار دیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے لکھا ہم حالت جنگ میں ہیں کوئی یہ سمجھے کہ پاک فوج یہ جنگ افغان پاکستان سرحدی علاقے میں اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں لڑ رہی ہے تو آج اسلام آباد ضلع کچہری میں خود کش حملہ wake up call ہے کہ یہ سارے پاکستان کی جنگ ہے جس میں پاک فوج روز قربانیاں دے رہی ہے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلا رہی ہے۔وزیر دفاع نے مزید لکھا کہ اس ماحول میں کابل کے حکمرانوں سے کامیاب مذاکرات کی زیادہ امید رکھنا عبث (بیکار یا فضول) ہوگا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ کابل کے حکمران پاکستان میں دہشتگردی کو روک سکتے ہیں لیکن اسلام آباد تک اس جنگ کو لانا کابل سے ایک پیغام ہے، جس کا پاکستان بھرپور جواب دینے کی الحمدوللہ قوت رکھتا ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد ضلع کچہری کے باہر ہونے والے خودکش حملے میں 12 افراد شہید اور 25 سے زائد زخمی ہوئے، خودکش حملہ کرنے والے مبینہ حملہ آور کا سر بھی موقع سے مل چکا ہے۔اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ خود کش حملہ آور کچہری کے اندر جانے کی کوشش میں تھا، خودکش حملہ آور 10 سے 15 منٹ کھڑا رہا، وہ اندر جانے کی پلاننگ کرتا رہا، پولیس کی گاڑی آئی تو خودکش حملہ آور نے حملہ کردیا، پہلی ترجیح میں خودکش حملہ آور کی شناخت کریں گے، کچہری حملہ میں ملوث کرداروں کو بھی سامنے لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کل وانا میں بھی گاڑی سوار خودکش حملہ آور انٹری پوائنٹ پر پھٹا، وانا میں بھی علاقے کی کلیئرنس جاری ہے، وانا حملے میں افغانستان ملوث ہے، وہاں افغانستان میں کمیونیکیشن ہوتی رہی۔




