
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مرد آہن جب جیل سے نکلے گا تو یہ عدالتیں ختم کردیں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم قانون بنائیں اور قانون سے استثنیٰ لے لیں، کیا ہم ایک ایلیٹ کلاس لے کر آئیں جو قانون سے بھی بالاتر ہو، آصف زرداری پرکرپشن کیسز ہیں توکیا وہ پیش ہوکر نہیں کہہ سکتے کہ مجھ پرالزام غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں آئین میں تبدیلی اتفاق رائے سے کی جاتی ہے، آپ نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو ختم کردیا، آئندہ دنیا میں کہیں کوئی پاکستان کی نمائندگی ہوگی تو چیف جسٹس ہی موجود نہیں ہوگا، اب چیف جسٹس آف پاکستان کی جگہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کردیا گیا ہے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آپ نے چیف جسٹس آئینی عدالت کا کہا اور شامل کیا کہ وزیراعظم اسے لگائے گا، یہ آئینی ترمیم کا عمل مکمل غلط اور جمہوریت کے لیے زہر قاتل ہے، آپ نے دو لوٹوں کے ووٹ سے ترمیم پاس کروائی ہے ، لوٹوں سے بنی ترمیم عوام کی خدمت نہیں کر سکے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آپ کی سوچ اور ڈر کو سلام ہے، اتنا بھیانک ڈر کہ دروازہ نہ کھلے، کوئی اس سے نہ ملے، سوچتے ہیں کہ کہیں کوئی میسج ہی نہ آجائے، وہ مرد آہن جب جیل سے نکلے گا تو پھر یہ عدالتیں ختم کردیں گے۔




