
نیشنل پریس کلب پر پولیس کے دھاوے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، بہاولپور، گوجرانوالا، سرگودھا، گجرات، رحیم یارخان اور دادو میں نیشنل پریس کلب پر پولیس کے دھاوے کے خلاف مظاہرے کیے گئے جس دوران صحافیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا ۔ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچ کر صحافیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے آئین کا تقدس پامال کیا ہے ، پولیس گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ دوسری جانب لاہور پریس کلب پر احتجاج کے دوران سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ارشد انصاری نے کہا کہ حکومت نے روش نہ بدلی تو ملک گیر تحریک چلائیں گے، اس موقع پر صدر سی پی این ای کاظم خان اور ایمینڈ کے سینیر نائب صدر ایاز خان نے بھی خطاب کیا۔کوئٹہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ادھر کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران صحافی رہنماؤں نے کہا کہ حملے میں ملوث پولیس اہل کاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔




