
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے سی سی ڈی نے جس طرح امن و امان قائم کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، زمینوں پر ناجائز قبضے چھڑانے کے لیے قانون سازی لا رہے ہیں۔پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا، عوام کے لیے آسانیاں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے پر لوگ خصوصا خواتین بہت خوش ہیں، پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا سی سی ڈی ڈپارٹمنٹ نے جو امن قائم کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، پنجاب میں ایسے اضلاع بھی ہیں جہاں زیرو کرائم ہے، جن اضلاع میں کرائم تھا وہاں اب لوگ کہتے ہیں امن ہو گیا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا رشوت کی کمائی میں برکت نہیں ہے، جتنی تیزی سے رشوت کی کمائی آتی ہے اتنی تیزی سے چلی جاتی ہے، کاروباری افراد جائز منافع کمائیں، جب منافع جائز حدود سے باہر نکل جاتا ہے تو اسے روکنا میرا فرض ہے، حکومت کی ریٹ لسٹ کے مطابق گندم آٹے کی قیمت یقینی بنانی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ظلم سے بچانا اور انصاف دلانا ہے، میرا خواب ہے پنجاب ماں بیٹیوں کیلئے محفوظ ترین جگہ بنے، جن زمینوں پر قبضہ ہو جاتا ہے ان کے لیے الگ عدالتیں بنا رہے ہیں، خصوصی عدالتوں میں زمین پر قبضے سے متعلق کیس کا فیصلہ 90 دن میں ہو گا، بیواؤں اور یتیموں کی زمین پر قبضہ کرنے والے کو 10 سال سزا ہوگی۔