
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے متاثر ہونے والوں کو اپنے لیے اللہ کی طرف سے مہمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سیلاب میں متاثر ہونے والے کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے امداد دیگی۔ساہیوال میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ساہیوال کے لیے 30 الیکٹرک بسیں لے کر آئی ہوں جس میں لوگ باعزت طریقے سے سفر کریں گے، ساہیوال کے لوگ جو سفر کئی سو روپے میں کیا کرتے تھے اب صرف 20 روپے میں کیا کریں گے۔مریم نواز نے بتایا ہے کہ بس سروس خواتین، اسپیشل افراد، بزرگوں اور طلبہ کے لیے فری ہے جبکہ بس میں اسپیشل افراد کے لیے خصوصی ریمپ بھی بنایا گیا ہے، بس میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں، مانیٹر کریں گے کہ کہیں خواتین کو ہراساں نہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا ساہیوال والے نواز شریف سے اور نواز شریف ساہیوال والوں سے پیار کرتے ہیں، ایکسپریس وے بنائی تو نوازشریف نے بنائی، ایٹمی دھماکے کیے تو نوازشریف نے کیے، ملک سے نواز شریف کی خدمات نکال دو تو کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچے گا۔