
سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہےکہ ہمایوں سعید کی اداکاری اچھی ہے لیکن وہ پاکستان کے بہترین اداکار نہیں ہیں۔شبیر جان نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی جس میں انہوں نے کہا کہ میرے زمانے کے اداکار ٹیسٹ میچ جیسے تھے، جو اداکاری کرنے سے پہلے باقاعدہ ریہرسل کرتے تھے جب کہ آج کل کے اداکار ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی ہیں، وہ جلدی بازی میں کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر نئے آنے والے اداکار ریہرسل بالکل نہیں کرتے اور بس اداکاری کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں ڈائیلاگز کی ادائیگی بھی صحیح سے نہیں آتی اور افسوس کہ اسی غلط ادائیگی کے ساتھ ڈرامہ بھی نشر ہو جاتا ہے۔شبیر جان نے یہ بھی کہا کہ آج کل کے اداکار زیادہ تر اداکار کم اور ماڈل زیادہ لگتے ہیں، شاید ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت اسی بات کی ہے کہ اچھے بال بناؤ، باڈی بناؤ اور خوبصورت نظر آؤ، اداکاروں کے لیے وہ کردار اب اتنی اہمیت نہیں رکھتا جو وہ نبھارہے ہوتے ہیں۔انہوں نے ہمایوں سعید کے بارے میں لب کشائی کی اور کہا وہ اچھے اداکار ہیں بہت محنت بھی کرتے ہیں لیکن پاکستان کے بہترین اداکار نہیں ہیں اور آج کل بہترین اداکاروں کی تعداد بہت کم ہے۔