
پاکستانی اداکارہ شہیرہ جلیل نے سپر اسٹار ماہرہ خان کو بہترین اداکارہ کے ساتھ رحم دل انسان بھی قرار دے دیا۔اداکارہ شہیرہ جلیل حال ہی میں جیو پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان نے ان سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ماہرہ سے پہلی ملاقات سے متعلق شہیر ہ جلیل نے بتایا کہ’ماہرہ خان بہت رحمدل شخصیت ہیں، میں نے اپنے ڈیبیو ڈرامے’ رضیہ‘ میں ماہرہ خان کے ساتھ کام کیا تھا، میری ان سے پہلی ملاقات بھی اسی شوٹنگ سیٹ پر ہوئی تھی جہاں میں خاموشی سے جاکر بیٹھ گئی تھی، اس وقت میں بہت گھبرائی ہوئی تھی، میں نے ماہرہ سے اپنا تعارف بھی نہیں کروایا تھا، اسی دوران ڈائریکٹر نے ماہرہ سے میرا تعارف کروا دیا، اس تعارف کے ساتھ ہی ماہرہ مجھ سے بے حد خوشدلی سے ملیں، مجھے خوشی سے گلے لگالیا، اس کے بعد بھی شوٹنگ کے دوران ماہرہ کا مجھ سے رویہ قابل تعریف رہا، شوٹ پر وہ خود مجھے کھانے کیلئے بلاتیں اگر میں انکار کرتی تو زبردستی کھلاتیں‘۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ’ دوران شوٹ میں نے ماہرہ خان سے سوال کیا تھا کہ میری جیسی لڑکی جس کا شوبز کے حوالے سے کوئی بیک گراؤنڈ نہیں ایسی صورت میں مجھے کسی مینٹور کی ضرورت ہے یا نہیں ؟اداکارہ کے مطابق اس پر ماہرہ نے مجھے بتایا تھا کہ’ شہیرہ آپ کسی کا تعاقب نہ کریں، آپ کو صحیح وقت پر صحیح لوگ مل جائیں گے، بس آپ خواہش کریں کہ آپ کو اچھے لوگ مل جائیں اور ایک ایسا وقت آئے گا کہ آپ کو اچھے لوگ اچھے وقت پر مل جائیں گے‘۔واضح رہے کہ ماہرہ خان کا ڈرامہ ’ رضیہ ‘ نجی ٹی وی چینل پر اگست 2023 میں نشر کیا گیا تھا اس ڈرامے کی کہانی زنجبیل عاصم نے لکھی جب کہ ڈرامے کے ہدایتکار ندیم بیگ ہیں، ڈرامے میں ’رضیہ‘ کا کردار شہیرہ جلیل نے ادا کیا تھا۔دوسری جانب ماہرہ خان کا کردار ایک ایسا کردار تھا جو سڑکوں پر تھیٹر جیسی محفلوں میں فرسودہ روایات سے متعلق آگاہی دیتی تھیں۔