
غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پہلی برسی آج منائی جارہی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اس موقع پر جاری بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ صہیونی دشمن نے ایک بزدلانہ کارروائی میں گزشتہ سال 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا لیکن اس واقعے نے فلسطینی عوام کی مزاحمتی جدوجہد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ بیان میں دنیا بھر کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسماعیل کی آخری اپیل کے مطابق ہر سال 3 اگست کو غزہ، بیت المقدس، مسجد اقصیٰ اور فلسطینی قیدیوں کی حمایت کے لیے ایک عالمی قومی دن کے طور پر منائیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سال 31 جولائی کو اسرائیل نے حماس کے اس وقت کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایرانی دارالحکومت تہران میں نشانہ بنایا تھا۔اسرائیلی حملے میں حماس کے سربراہ اپنے محافظ سمیت شہید ہوگئے تھے۔اسرائیل کی جانب سے ابتدا میں اس حملے کے حوالے سے خاموشی اختیار کی گئی تاہم بعد ازاں اسرائیلی وزیر دفاع نے اسماعیل ہنیہ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی تھی۔