
وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی ظلم کیخلاف اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم کیخلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا، غزہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی ترسیل بحال کرنے کی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے اور پاکستان صیہونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینیوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔اس کے علاوہ وزیراعظم نے الخدمت فاؤنڈیشن کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے بھی ملک گیر مہم چلا کر غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنائی ہے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی رہنماؤں نے ان سے رابطہ کیا ہے اور وزیراعظم سے جنگ بندی میں کردار ادا کرنے اور غذائی امداد کی فراہمی کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔