
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ علی مین گنڈاپور، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعباداللہ اور اسپیکر بابر سلیم سواتی شریک تھے۔اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان دھوکا دہی نہیں ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کو ڈونکی ٹریڈنگ کہتا ہوں، گھوڑا ایک بڑا قابل عزت جانور ہے میں خود گھوڑوں کا بہت شوقین ہوں، دیکھا جائے تو گدھا بھی خدمت کرنے والا جانور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ میں خرید و فروخت اس سے بھی گھٹیا کام ہے، فیصلہ کیا ہے کہ سینٹ میں خرید و فروخت نہیں ہونی چاہیے، صوبےکی تاریخ میں پہلی بار اتنا اچھا فیصلہ ہورہا ہے، اس سے پہلے پنجاب سینیٹ انتخابات میں ہم نے یہی کیا ہے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نےجو فیصلہ کیا تھا اسی فارمولے پرعمل کریں گے، عدالتی احکامات کےمطابق مخصوص نشستوں کے منتخب اراکین گورنر ہاؤس میں حلف لےرہےہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ناراض امیدواروں کے خلاف پارٹی کارروائی کرے گی، بانی پی ٹی آئی کے فیصلہ کی نفی بانی پی ٹی آئی کی نفی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے اتحاد صرف سینیٹ انتخابات تک ہے، اپوزیشن کے ساتھ پہلے 8 اور 3 کے فارمولے پر اتفاق ہوا تھا، ہمارے امیدواروں کی جانب سے کاغذات واپس نہ لینے سےہمیں نقصان ہوا، اب ہمیں 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں گی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو بھی ہورہا ہے وہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر ہورہا ہے۔