
لاہور : جہلم میں بارش کے باعث آنے والے سیلاب میں امدادی سرگرمیوں میں شامل پولیس اہلکار حیدر علی پانی میں بہہ کر شہید ہو گیا۔پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق شہریوں کو ریسکیو کرنے کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ جانے والےکانسٹیبل کی لاش مل گئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ روز ریلے میں بہہ جانے والے پولیس اہلکار کی لاش رسول نگر کے مقام سے مل گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے شہید کانسٹیبل حیدر علی کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں جبکہ پنجاب پولیس کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں جانوں کی پرواہ کیے بغیر کام کر رہے ہیں۔آئی جی پنجاب کے مطابق سیلاب متاثرین کو پولیس کی طرف سے عارضی رہائش ،کھانا، ادویات فراہم کی جا رہی ہیں ۔