
بلوچستان کے علاقے ژوب میں 9 مسافروں کے قتل کا مقدمہ تھانا سی ٹی ڈی ژوب میں درج کرلیا گیا۔ایس ایچ او تھانا لیویز کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے اجلاس کو ڈب سرہ ڈاکئی واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانےکی ہدایت کی، سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معصوم جانوں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردوں کو ہر حال میں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ان کا آخری حد تک تعاقب کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ لیویز اور پولیس کی حدود سے بالاتر ہو کر کارروائی کی جائے، دہشت گردوں کےخلاف بلاتاخیر اور فیصلہ کن ایکشن لیاجائےگا۔ سرفرازبگٹی نے کہا کہ امن دشمن عناصرکےساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، بلوچستان میں قانون کی عملداری پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز دہشت گردوں نے ژوب میں بسوں سے اتار کر 9 مسافروں کو قتل کردیا تھا، میتوں کی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تدفین کا عمل جاری۔