
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف کرادیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آرکی جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عطا تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ٹیکس وصولی بڑھانےکے لیے ویڈیو اینالیٹکس اقدامات پربریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس نظام سے ٹیکس کی وصولی خودکار اور شفاف انداز سےکی جاسکےگی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس نظام سے حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا، ٹیکس دہندگان انسانی مداخلت کے بغیر اپنا ٹیکس ادا کرسکیں گے، یہ نظام لاگت میں کم ہے اور ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران 98 فیصد ایفیشینٹ پایا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آرکی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ٹیکس نظام کو خودکار بنانے سے اس میں شفافیت آئے گی جب کہ اسے مزید مؤثر بنارہے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی پرمبنی نظام سےکاروبار میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت ہوگی، انسانی مداخلت کم ہونےکی وجہ سےنظام مؤثر ہوگا، وقت اور پیسےکی بچت ہوگی۔