
اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے موسلا دھار بارش ہوئی ، سید پور ویلج میں سب سے زیادہ 131 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پرپانی کی سطح 15 فٹ اور گوالمنڈی میں 10 فٹ بلند ہوئی۔ کہوٹہ میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ پانی مکانات اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ کچے مکان کی چھت گر نے سے ڈھائی سال کی بچی جاں بحق جب کہ 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔ادھر لاہور اور گجرات کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے ۔محکمہ موسمیات نے آج اور کل اسلام آباد، مری، گلیات، پنجاب ، کے پی ، بلوچستان اور کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جب کہ الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں طوفانی بارش ہوئی جس سے درجنوں مکانات کی چھتیں اڑ گئيں۔ بجلی کے 100 سے زائد ٹاور گرگئے ۔مواصلاتی نظام شدید متاثر رہا۔ واپڈا کالونی، گرڈ اسٹیشن کالونی اور کیسکو دفاتر کو نقصان ہوا۔