
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آج غزہ بھی ایک کربلا بنا ہوا ہے۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کربلا بہت بڑا سبق ہے کہ دین کی آن اور شان پر آل رسول ﷺ قربان ہو گئی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج غزہ بھی ایک کربلا بنا ہوا ہے، غزہ امریکا، برطانیہ، یورپ اور اسرائیل کے آگے سر نہیں جھکا رہا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج بھی مسلمانوں کا یزیدیت کے ہاتھوں خون بہہ رہا ہے، فلسطین کےلوگ کربلا کی یاد کو دہرا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کےڈیڑھ ارب مسلمان مصلحت کا شکار ہیں، یوم عاشور پر مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں لگائی گئیں، مقبوضہ کشمیر میں اس قسم کی پابندیاں پہلے کبھی نہیں لگائی گئیں۔خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 64 فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق امداد لینے کے منتظر 9 فلسطینی بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے جب کہ خوراک تقسیم کرنے والے دو امریکی امدادی کارکن بھی زخمی ہوئے۔خوراک کی تلاش میں نکلے فلسطینیوں پر ہونے والےاسرائیلی حملوں میں اب تک 743 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔