
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی، مودی چاہتا ہے کہ آنے والی نسلوں کو پانی پر لڑائے اور یہ ہمیں قبول نہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت سے جنگ کے دوران پاکستان نے اپنی ساکھ قائم کی، بھارت کا بیانیہ دنیا کے سامنے جھوٹا ثابت ہوا اور ہم نے ثابت کیا کہ 7 گنا بڑے ملک کو شکست دی ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ اگر بھارت نے سیز فائر کا نہیں کہا تو مودی ٹرمپ کو کہيں کہ انہوں نے سیز فائر کا نہيں کہا،بھارت سفارتی لائنز پر بھی دنیا سے جھوٹ بول رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ہماری کمیٹی کو امن کا کیس پوری دنیا میں لڑنے کے لیے دیا گیا، ہمارا بیانیہ صرف اور صرف سچ تھا، نریندر مودی چاہتا ہے کہ آنے والی نسلوں کو پانی پر لڑائے اور یہ ہمیں قبول نہیں، جب مودی کہتا ہےکہ میری گولی کھاؤ تو اس کا مائنڈ سیٹ تو سب کے سامنے ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارتی عزائم نظر آرہے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش بھی ناکام ہوگی، پاکستان اور بھارت کی نئی نسل جنگ کے پیغام پر نہیں جائیں گے۔