
لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ظہرانے کی دعوت ٹھکرا دی۔اسپورٹس بورڈ نے عماد شکیل کو اسلام آباد آنے کے لیے سفر کے 5600 روپے ادا کیے جس پر عماد شکیل نے شکریہ کے ساتھ دعوت مسترد کردی۔عماد شکیل نے دعوت کو مسترد کرتے ہوئے جواب دیا کہ اتنے پیسے تو ٹول کی ادائیگی پر لگ جاتے ہیں۔دوسری جانب کپتان عماد بٹ کا کہنا ہے کہ انہیں بعد میں کلیئر کیا گیا ہے کہ یہ بھجوائی گئی 5600 روپے کی رقم پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نیشنز کپ کے کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی پاکٹ منی کے طور پر دی گئی ہے۔پی ایس بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کپتان عماد بٹ کی غلط فہمی دور کر دی گئی ہے وہ پروگرام میں شرکت کریں گے یہ کیمپ کی پاکٹ منی ہے یہ سفری اخراجات نہیں۔خیال رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ظہرانے کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو مدعو کیا جن میں سفیان خان، رانا وحید ،عبداللہ، منیب الرحمان اور حنان شاہد بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ ظہرانے کے لیے دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جس میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور نوح دستگیر بھی شامل ہیں۔