اہم خبرپاکستانتازہ ترین

ہم کامریڈز کی طرح لڑتے ہیں، ہمارے لیے پاکستانیت سب سے اہم ہے: آرمی چیف

آرمی چیف عاصم منیر کا کہنا ہے ہمیں اپنے مذہب اور تہذیب پر فخر ہے، کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے پاکستان بھر کی مختلف جامعات سے آئے طلبا نے ملاقات کی۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا پاکستانی عوام بالخصوص نوجوانوں کا پاک فوج سے ایک انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے اور رہے گی، جب تک قوم خصوصاً نوجوان ساتھ کھڑے ہیں پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی، ہم کامریڈز کی طرح لڑتے ہیں، ہمارے لیے پاکستانیت سب سے اہم ہے۔سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا ہمیں اپنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے، یہ فتنہ الخوارج کس شریعت اور دین کی بات کرتے ہیں؟ ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور لوگ دہشتگردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا آرمی آج بھی فتنہ الخوارج سے روزانہ کی بنیادوں پر لڑ رہی ہے، ہم مذہب کی ان کی تشریح سے متفق نہیں ہیں، اسلام دنیا میں سب سے پہلا مذہب ہے جس نے عورت کو عزت دے کر آسمان تک پہنچایا، چاہے ایک عورت ماں ہو، بیوی یا بہن کسی بھی کردار میں اسلام نے عورت کو عزت دی ہے۔ان کا کہنا تھا فتنہ الخوارج کون ہوتے ہیں اس مقام کو چھیننے والے؟ تمہیں یہ اختیار کس نے دیا؟ اسے کوئی نہیں چھین سکتا، ہم اس قسم کے گمراہ گروہ کو کبھی بھی اپنے ملک پر اپنی اقدارمسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔آرمی چیف کا کہنا تھا ہم فتنہ الخوارج کے فسادیوں سے لڑ رہے ہیں، یہ عناصر اسلام کی غلط تشریح کررہے ہیں، خارجی عناصر اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کررہے ہیں، فسادیوں کے بارے میں اسلام کے احکامات بہت واضح ہیں، ریاست کے سامنے سرینڈر کرنے والے رحم کی توقع کرسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button