
کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری استحکام کے لیے 1973 کے آئین اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیردفاع و خودمختاری پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یومِ آزادی پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن ہمارے عوام کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر جذبے کی یاد دہانی کراتا ہے، قائداعظمؒ کی زیرِقیادت ہمارے آباؤ اجداد نے وہ کارنامہ سرانجام دیا جو بہت سے لوگوں کو ناممکن لگتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستان کے بانی اجداد کے وژن کی محافظ رہی ہے، جمہوری استحکام کے لیے 1973 کے آئین اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیردفاع و خود مختاری پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج یومِ آزادی کے موقع پر میں ہر پاکستانی، خصوصاً اپنی نوجوان نسل سے ایک اپیل کرتا ہوں، آپ تقسیم سے بالاتر ہوکر نفرت اور عدم برداشت کو مسترد کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں اور عہد کریں کہ ہم اپنی جمہوریت کا تحفظ کریں گے اور اپنے عوام کو با اختیار بنائیں گے۔




