بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو حملے کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیف پر حملے کے بعد سے ملزم فرار تھا، دو روز تک کپڑے بدل بدل کر پولیس کو چکمہ دیتا رہا اور ممبئی میں گھومتا رہا۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سیف پر حملے کے 6 گھنٹے بعد ملزم نے صبح 9 بجے کے قریب دادر کے ایک اسٹور سے ہیڈ فون خریدے جو سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا۔تاہم اب بھارتی ریلوے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کی شناخت 31 سالہ آکاش کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کے دوران پکڑا گیا۔بھارتی ریلوے پروٹیکشن فورس کے چھتیس گڑھ کے درگ ریلوے کے تھانے کے حکام نے بتایاکہ ملزم کو زیر استعمال موبائل فون اور اس کی ٹاور لوکیشن کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ممبئی پولیس نے ملزم کی تصویر، زیر استعمال موبائل فون اور اس کی ٹاور لوکیشن بھیجی تھی اور بتایا تھاکہ وہ گنیشوری ایکسپریس میں سفر کر رہا ہے، ملزم کو ٹرین میں چیک کیا گیا تو وہ ٹرین میں موجود تھا۔انہوں نے بتایاکہ ویڈیو کال کے ذریعے ممبئی پولیس سے تصدیق کی گئی جس پر اسے گرفتار کرلیا اور اب ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا، ممبئی پولیس باقی کی کارروائی کرے گی۔ان کا کہنا تھاکہ ملزم کے پاس ٹکٹ بھی نہیں تھا، ابتدائی تفتیش میں اس نے بتایا کہ وہ ممبئی کا رہنے والا ہے، اس کے پاس سے پٹھو بیگ ملا ہے، ملزم بیان بھی بدل رہا ہے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب ممبئی شہر میں سیف علی خان کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
0 29 1 minute read