لاہور(نیوزڈیسک) امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بجلی کے ونٹر پیکیج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ایسا ہے تو پھر پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہورہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سردیوں کے حوالے سے حکومت کے بجلی پیکیج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے ونٹر پیکیج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شہباز شریف کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے جھوٹ ہیں، موجودہ حکومت ہی جھوٹ اور فارم 47کی بنیاد پر کھڑی ہے، اگر مہنگائی کم ہے تو صنعتوں میں بہتری، بجلی و پٹرول کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی مد میں دیے جا رہے ہیں، اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی، غریبوں اور تنخواہ داروں کا خون نچوڑا جارہا ہے، ملک میں 77برسوں سے کوالٹی ایجوکیشن دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت 14ہزار اسکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنا چاہتی مگر جماعت اسلامی اس فیصلے پر مزاحمت کرے گی۔
0 523 1 minute read