پشاور (نیوزڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزرا کی مراعات میں اضافے کا ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔خیبرپختونخوا وزرا کی تننخواہوں، الاؤنسز ایکٹ میں ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کیا گیا ہے، جس کے مطابق کابینہ کے ہر ممبر کو سرکاری گھر نہ ملنے پر دو لاکھ روپے ماہانہ کرائے کی مد میں ملیں گے۔ترمیمی بل کے مطابق پشاور میں ذاتی گھر والے وزیروں کو بھی اب دو لاکھ روپے میں مل سکیں گے، وزرا کو سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے ایک بار 10 لاکھ روپے ملیں گے۔وزرا تزئین و آرائش فنڈز میں قالین، پردے، ایئرکنڈیشنر اور ریفریجریٹر بھی خرید سکیں گے، وزرا عہدہ چھوڑنے کے بعد تمام خریدی گئی اشیا محکمہ انتظامیہ کے حوالے کرنے کے پابند ہوں گے۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں لینڈ اینڈ بلڈنگ ریونیو کنٹرول ترمیمی بل 2024 پیش کیا گیا، بل وزیر قانون آفتاب عالم نے پیش کیا، بل کثرت رائے سے اسمبلی سے پاس کر لیا گیا۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں صوبے کے شادی ہالوں کو رات 10 بجے بند کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک میں توانائی کے بحران کی وجہ سے شادی ہالوں کو 10 بجے بند کرنے کا پابند بنایا جائے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے عملدرآمد کا پابند کیا جائے، قرارداد پی ٹی آئی کے مشتاق غنی نے پیش کی، ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
0 727 1 minute read