اسلام آباد(نیوزڈیسک)سینیٹ کے اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے دنیش کمار اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایوں مہمند کے درمیان خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر دیوالی نہ منانے پر گرما گرمی ہوئی۔سینیٹ سے خطاب میں دنیش کمار نے کہا کہ تین صوبوں میں دیوالی سرکاری سطح پر منائی گئی، گنڈاپور سے کہیں خیبرپختونخوا میں بھی منائیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں جو مذہبی ہم آہنگی ہے وہ آپ کو پوری دنیا میں نہیں ملے گی۔ان کا کہنا تھاکہ بہت خوشی ہوئی مریم نواز نے ہندو برادری کے ساتھ مل کر دیوالی منائی، انہوں نے دیوالی منا کر دنیا کو اچھا پیغام دیا ہے، آج سے مریم نواز میری لیڈر ہیں۔اس پر سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ تو پھر آپ یہاں کیوں بیٹھے ہیں؟ سرکاری بینچز پر بیٹھیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پہلی مرتبہ پنجاب کی تاریخ میں سرکاری سطح پر دیوالی کا تہوار منایا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیوالی کا دیا جلایا اور تقریب سے خطاب بھی کیا۔
0 487 1 minute read