اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔ادارہ شماریات کے مطابق اگست 2024 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جو کم ہو کر ستمبر میں 6.93 فیصد پر آگئی۔ادارہ شماریات نے بتایاکہ اگست کے مقابلے ستمبر میں مہنگائی میں 0.52فیصد کمی ہوئی، جولائی تا ستمبر اوسط مہنگائی 9.19 فیصد ریکارڈ کی گئی، ستمبرمیں شہروں میں مہنگائی 0.53 اور دیہاتوں میں 0.50 فیصد کم ہوئی۔اگست کے مقابلے میں ستمبر میں شہروں میں بیسن، دال چنا، انڈوں، پیاز، گوشت، آلو، مچھلی اور ملک پاڈر کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ ٹماٹر، سبزیوں، پھلوں، آٹا، دال مسور، مونگ اور مرغی گوشت کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اگلی مانیٹری پالیسی میں شرح سود مزید کم ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہارتشکر کیا ہے۔انہوں نے مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد آئی، ستمبر 2024 میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ان کا کہنا تھاکہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کیے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلف ملے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے اور شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
0 242 1 minute read