راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے لیاقت باغ کو سیل کردیا۔ذرائع کے مطابق لیاقت باغ کے گیٹ پر تالے لگادیئے گئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو لیاقت باغ کے اندر اور باہر تعینات کرکے چہل قدمی کے لیے آنے والے افراد کو بھی لیاقت باغ سے باہر نکال دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کل 28 ستمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے کارکنان کو دوپہر دو بجے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلی خیبر پختوانخوا علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کریں گے، اسلام آباد سے پی ٹی آئی قیادت قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ جائے گی، پی ٹی آئی کارکنان کو 2 بجے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے قیادت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ پہنچیں، راستوں کی بندش کی صورت میں جو جہاں تک پہنچے گا وہیں احتجاج ہو گا، اسلام آباد، شمالی پنجاب اور کے پی کے سے قافلے راولپنڈی آئیں گے۔پارٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ گرفتاریوں کی صورت میں انصاف لائرز فورم قانونی معاونت دیگا، وکلا کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کردی گئی ہیں، پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کو راستوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستوں کاپلان بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
0 570 1 minute read