اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری قائم رکھتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں، جس رکن پارلیمنٹ نے کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ نہیں دیا وہ آزاد تصور ہوگا ، وہ آزاد ارکان جو ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گئے انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔اسپیکر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ منظورکیا، صدر کے دستخط کے بعد نافذ ہوگیا، الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے قوانین پر عمل کرے، الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں ۔خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ماضی کے ایکٹ کے تحت تھا جس کا اب اطلاق نہیں ہے ، اب ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ موجود رہے گا ، الیکشن کمیشن پارلیمنٹ اور جمہوری اصولوں کی بالادستی یقینی بنائے۔اسپیکر نے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو حکم دیا گیا کہ ایک جماعت کے ارکان کو دوسری جماعت میں شامل کیا جائے ، عدالتی فیصلے کا تاثر یہ ہے کہ کسی جماعت کے رکن کو دوسری جماعت میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی ، سپریم کورٹ کا فیصلہ مہینوں بعد آیا جب ارکان پہلے ہی ایک سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرچکے تھے ، ایکٹ کے تحت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ڈیکلیریشن کا کوئی اثر نہیں ہوگا ۔
0 1,330 1 minute read