اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے متعلق مسودے کو راز میں نہیں رکھا گیا، یہ پبلک ڈاکومنٹ ہے، آئینی ترمیم ضرور ہوگی پی ٹی آئی نے بھی دسمبر تک وقت مانگا ہے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف کا کہناتھاکہ عمران خان نے اتنی وارداتیں کی ہیں کہ ان کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں، وہ صرف آئینی ترمیم نہیں بلکہ پاکستان کی ہر چیز کو اپنے ساتھ نتھی کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے آپ کو ہر چیز کا محور سمجھتے ہیں، انہوں نے چار سال جو گل کھلائے ہیں ان پر نظر دوڑائیں، 9 مئی کو بغاوت کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی واقعے میں فوج کے ادارے میں بھی لوگ موجود تھے جو فیض کے ساتھ تھے۔ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی جب سے قید ہیں تب سے دو چار ہزار مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کروں گا۔وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ آئینی ترمیم سے متعلق مسودے کو راز میں نہیں رکھا گیا، یہ پبلک ڈاکومنٹ ہے کوئی سیکریٹ نہیں، آئینی ترمیم ضرور ہوگی پی ٹی آئی نے بھی دسمبر تک وقت مانگا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ججز کی تقرری کا سارا معاملہ جوڈیشری کے پاس ہے ایک ایک چیمبر سے پانچ پانچ وکیل جج ہیں، سیاست دانوں کا احتساب ہوتا ہے، مقدمے بھی بنتے ہیں اور تنخواہ صرف دو لاکھ ہے، ججز کو بھاری تنخواہیں بھی ملتی ہیں اور مراعات بھی لیکن 27 لاکھ کیسز عدالتوں میں پڑے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ آئینی ترمیم کا مقصد احتساب ہی نہیں بلکہ اداروں میں طاقت کا توازن ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججز کی مدت ملازمت میں اضافے اور نئی آئینی عدالت کے قیام سمیت دیگر ترامیم کی منظوری کیلئے گزشتہ دنوں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کیے گئے تھے۔تاہم مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے اعتراضات اور تجاویز کے باعث آئینی ترامیم منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش نہ کی جاسکیں۔
0 397 1 minute read