اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی نے 190 ملین پائونڈ نیب کیس میں بریت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ احتساب عدالت نے بریت کی درخواست مسترد کی تھی جس کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری ایڈوکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پٹیشنرز کے خلاف ایسا کوئی مواد ریکارڈ پر نہیں جس کی بنیاد پر سزا سنائی جا سکے، میرٹ پر بریت بنتی تھی جو احتساب عدالت نے نہیں دی اور بریت کی درخواست مسترد کر دی ۔درخواست میں ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت کا 12 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو اس مقدمے سے بری کیا جائے۔ہائیکورٹ میں ہی ٹرائل کورٹ میں ٹرائل پروسیڈنگ روکنے کیلئے بھی متفرق درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بریت کی درخواست پر فیصلے تک احتساب عدالت میں ٹرائل روکا جائے۔
0 524 1 minute read