لندن(نیوزڈیسک)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار برطانیہ کے سرکاری دورہ پر لندن پہنچ گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیتھروائیرپورٹ پر برطانوی حکام نے ڈپٹی وزیر اعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔اپنے دورے کے دوران اسحاق ڈار نے برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے لندن میں ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ قریبی تعلقات کو مزید مستحکم اور بہتر شراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔یاد رہے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اپنے برطانیہ کے دورے کے دوران برطانوی ہم منصب ، وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقاتیں کریں گے علاوہ ازیں نائب وزیراعظم برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور برٹش پاکستانیوں سے بھی ملیں گے۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اسحاق ڈار آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہونیوالے چانسلر کے الیکشن پر بھی گہری نظررکھتے ہیں جس میں بانی پی ٹی آئی وسابق وزیراعظم عمران خان الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
0 567 1 minute read