اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے منصوبوں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کے نفاذ اور ڈیجیٹائیزیشن پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو میں وزیراعظم نے اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورین ماہرین سے مشاورت کے بعد اس کی تعمیراتی مدت میں مزید کمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، کورین کمپنی نے آئی ٹی پارک کی تکمیل کی مدت کو جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کر دیا ہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک پر چوبیس گھنٹے کام جاری ہے، سی ڈی اے کی ٹیمیں کام کی نگرانی کیلئے باقائدگی سے سائیٹ کا دورہ کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
اجلاس کو ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اسلام آباد سے ڈیجیٹل اسمارٹ سٹیز کے پائلٹ پراجیکٹ کا اجرا کیا جارہا ہے، شہریوں کو اسلام آباد سٹی سپر ایپلیکیشن کے ذریعے 150 سروسز کی آسان رسائی ہوگی، موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی و انتظامی خدمات بشمول، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اسلام آباد پولیس، صحت اور تعلیم کی سروسز میسر ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو حکومتی خدمات کیلئے موبائل ایپلی کیشن کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔اجلاس کو آئی ٹی شعبے کی گزشتہ پانچ ماہ کی کارگردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گزشتہ برس کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ پانچ ماہ میں تین لاکھ طلبا آئی ٹی اسکلز کے پروگرامز میں تربیت کیلئے رجسٹر ہوئے، 4 نئے انکیوبیشن سینٹر کا اجرا کیا گیا۔
شرکا کو بتایا گیا کہ ملک میں حکومت کے اقدامات کی بدولت موبائل فونز کی تیاری میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 8 لاکھ کا اضافہ ہوا، اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے آئی ٹی شعبے سے متعلقہ تمام ادارے مل کر منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اجلاس کو آئی ٹی شعبے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ان سے آئی ٹی برآمدات میں مرحلہ وار اضافے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ آئی ٹی شعبے میں 77 ملین ڈالر کی حکومتی سرمایہ کاری سے آئی ٹی برآمدات میں 25 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے جبکہ ملکی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے 10 ارب ڈالر، ٹیلی کام شعبے سے 2 ارب جبکہ حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں 13 ارب ڈالر کا زر مبادلہ متوقع ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی تمام خدمات بشمول مالیاتی، صحت، زراعت، تعلیم، انتظامی اور سیکیورٹی کی خدمات موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں تک رسائی کیلئے منصوبہ حتمی مراحل میں ہے۔ وزیرِ اعظم نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹرز ملک مختار بھرتھ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.
0 25 2 minutes read