بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 190ملین پاونڈ ریفرنس کی کارروائی روکنے کی متفرق درخواست دائر کر دی۔
عمران خان کی جانب سے 190ملین پاونڈ ریفرنس کی کارروائی روکنے کے لیے متفرق درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔
درخواست میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب کے 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے ریکارڈ کی فراہمی کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل 2020 کی نیب ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
عمران خان نے ٹرائل کورٹ کے 12 اگست کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اور کہا کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کی تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو بانی پی ٹی آئی کے دفاع میں بھاری نقصان ہو گا، تفتیشی افسر نے جرح کے دوران نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ سے متعلق کچھ باتوں کا اعتراف کیا، ضروری ہے کہ نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کے سامنے رکھا جائے۔
عمران خان کی درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو فریق بنایا گیا ہے۔
0 25 1 minute read