لاہور:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ماضی میں چند جرنیلوں اور ججوں نے اپنی بیگمات اور بچوں کے کہنے پر ایک اناڑی کو ملک پر مسلط کیا۔
ایکسپو سنٹر لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، زراعت کے شعبے سے اربوں ڈالر کی برآمدات سے اپنے وسائل میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے ثابت کیا کامیابی کا وسائل سے تعلق نہیں ہوتا، ارشد ندیم نے اپنی محنت اور لگن سے تمغہ جیتا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر ارشد ندیم گولڈ میڈل جیت سکتا ہے تو وسائل سے مالا مال اس ملک کو ترقی کا گولڈ میڈل کیوں نہیں جتواسکتے، کل رات ارشد ندیم کے والد نے بتایا کہ میں نے رزق حلال سے اپنے بچوں کو پالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کا بحران ہمیں ورثے میں ملا ہے، حکومت بجلی بحران پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہی ہے، قوم کو بجلی بلوں کے بحران سے نکالیں گے، ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنے کے بجائے پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں، دھرنے اور انتشار کے کلچر نے ملک کا بہت نقصان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا کہ چند جرنیلوں اور ججوں نے اپنی بیگمات اور بچوں کے کہنے پر ایک اناڑی کو ملک پر مسلط کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کوئی پالیسی 4 سال سے زیادہ نہیں چل سکی، سی پیک کے سفر میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، آج لوگ گواہی دے رہے ہیں اس شخص نے جھوٹے مقدمات بنوائے، عدالتی فیصلوں نے ملک میں بے یقینی پیدا کی ہے۔
0 31 1 minute read