محکمہ خوراک پنجاب نے صوبے میں آٹے کا تھیلہ مزید 100 روپے تک سستا کردیا۔
وزیر خوراک پنجاب بلال یسین کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر آٹے کےتھیلوں کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی ہے۔ محکمہ خوراک نے پنجاب بھرمیں آٹے کا 10 اور 20 کلو تھیلوں کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 70 روپے کمی کے ساتھ 1730 روپے کا کردیا گیا ہے، شیخوپورہ میں بیس کلو آٹے کا تھیلہ سو روپے کمی کے ساتھ 1650 روپے میں ملے گا۔ جلہم ،چکوال، پاکپتن نارووال میں 80 روپے، ملتان، ساہیوال، سرگودھا، اٹک میں 60 روپے کم ہوئے ہیں۔
راولپنڈی، حافظ آباد، سیالکوٹ، ننکانہ اور اوکاڑہ میں قیمت 50 روپے کم کی گئی ہے، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، خوشاب، بھکر، لودھراں، راجن پور، مظفرگڑھ لیہ اور رحیم یارخان میں بیس کلو تھیلہ 40 روپے سستا کیا گیا ہے۔
فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، منڈی بہاؤالدین میں قیمت 30 روپے کمی کی گئی ہے۔ بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، خانیوال، وہاڑی اور میانوالی میں قیمت 20 روپے قیمت کم کی گئی ہے۔