جماعت اسلامی پاکستان نے راولپنڈی اور سندھ کے دارالحکومت کراچی کے بعد خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی دھرنے کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے 12 اگست کو پشاور میں دھرنے کا اعلان کیا ہے۔
سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبد الواسع کے مطابق جماعت اسلامی نے پشاور میں 12 اگست کو دھرنے کا اعلان کیا ہے اور دھرنے میں وہ خود بھی شرکت کریں گے۔
عبد الواسع نے کہا کہ میں اہلیان پشاور سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں حافظ نعیم الرحمن کا صوبائی دارالحکومت میں استقبال کریں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف نے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی 11 اگست کو وزیر اعلی ہاس کے باہر دھرنا دے گی۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن لاہور دھرنے سے خصوصی خطاب بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کو راولپنڈی میں 12 اور کراچی میں 4 دن ہو چکے ہیں، جماعت اسلامی اگلے مرحلے میں احتجاج کا دائرہ مزید شہروں تک وسیع کرے گی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کا بجلی کی زائد قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی و ٹیکسز کے خلاف پنجاب کے شہر راولپنڈی میں دھرنا 26 جولائی سے جاری ہے جب کہ اس کے علاوہ جماعت کی جانب سے کراچی میں جاری دھرنا آج چوتھے روز میں داخل ہوچکا ہے۔
0 37 1 minute read