
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نریندر مودی سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے۔ پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ نریندر مودی پورے خطے کے لیے خطرہ ہے، اس سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے، بھارتی عسکری مشقیں ’سیاسی ڈرامہ‘ ہے، پوری دنیا میں صرف اسرائیل بھارت کے ساتھ کھڑا ہےانہوں نے کہا کہ مودی نے اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو سہارا دینے کے لیے خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ، بھارتی حکومت نے کہیں نہیں کہا کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنگ کے بعد دہشتگردی کے خلاف ہمارا بیانیہ مزید مضبوط ہوگیا ہے، ہماری مسلح افواج کو پیسوں کی ضرورت ہے لہٰذا دفاعی بجٹ میں اضافہ ہونا چاہیے، جنرل باجوہ او رموجودہ آرمی چیف میں زمین آسمان کا فرق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی کشمیر پر باتوں سے بھارت کو سخت تکلیف ہوئی، بھارت کے لیے ہمارا پانی روکنا بھی آسان نہیں ہے۔