
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشری انصاری نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ باتیں بنانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا لہذا آپ 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور اپنا حق استعمال کریں۔
بشری انصاری نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ہلچل ہے، الیکشن سر پر ہیں اور ہم سب چاہتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل سنور جائے اور اگلے پانچ سال کسی ایسی پارٹی کو دیے جائیں جو ہمارے ملک کو ترقی کی راہ کی جانب لے جائے۔
اداکارہ نے کہا کہ آپ کو جس بھی امیدوار کے وعدوں پر بھروسہ ہے، اس کو ووٹ ڈالیں، 8 فروری کو اٹھیں اور اپنے حق کا استعمال کریں، باتیں بنانا چھوڑ دیں کیونکہ باتوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے اور پولنگ اسٹیشن کا معلوم کریں اور اپنے امیدوار کے انتخابی نشان کو اچھی طرح پہنچان لیں تاکہ 8 فروری کو آپ اسی نشان پر مہر لگا سکیں۔
بشری انصاری نے مزید کہا کہ ووٹ لازمی ڈالیں تاکہ ہم بھی پاکستان کی بہتری میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔