تازہ ترینکھیل

بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آنا چاہتی تو نہ آئے، چیمپئنز ٹرافی ان کے بغیر کھیلیں گے: حسن علی

قومی کرکٹر حسن علی نے 2025 میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت پر سوالیہ نشان لگنے پر کہا ہےکہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آنا چاہتی تو نہ آئے لیکن چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد پر بحث جاری ہے، بھارتی بورڈ نے ایک ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا ہے جس میں بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

اس حوالے سے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ جس طرح چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی تو وہیں ہوگی، اگر بھارت پاکستان نہیں آنا چاہتا تو نہ آئے، چیمپئنز ٹرافی بھارت کے بغیر کھیل لیں گے۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونی چاہیے، بھارت کے پاکستان نہ آنے سے کرکٹ ختم نہیں ہوجاتی، بھارت کے علاوہ بھی بہت سی ٹیمیں ہیں، بھارت کو ایسا نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ جب ٹیمیں بھارت کھیل کر آئی ہیں تو بھارت کا بھی فرض ہے کہ وہ پاکستان آکر کھیلے، ہزاروں لوگ کہہ چکے ہیں کہ بھارت کو کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے ۔

قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ بھارت کے کئی کھلاڑی پاکستان آکر کھیلنا چاہتے ہیں، ٹیم آکر کھیلنا چاہتی ہے لیکن ان کا ملک بورڈ اور پالیسی ان کو یہ کرنے نہیں دیتی ۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ 2008 میں ایشیا کپ کے لیے کیا تھا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے جو فروری مارچ 2025 میں پاکستان کے تین شہروں میں شیڈول ہے۔

پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول بھی آئی سی سی کو حتمی منظوری کے لیے بھیج رکھا ہے، پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رکھے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے تاحال پاکستان جانے یا نا جانے کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button