تازہ ترینسائنس و ٹیکنالوجی

انسٹاگرام میں طویل کی بجائے مختصر ویڈیوز پر ہی توجہ مرکوز کرنے کا اعلان

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا ہے کہ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم میں طویل کی بجائے مختصر ویڈیوز پر توجہ مرکوز کرنے کا سلسلہ برقرار رہے گا۔انہوں نے یہ اعلان اس وقت کیا جب ٹک ٹاک کی جانب سے مختصر کی بجائے طویل ویڈیوز پر زیادہ توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
ایک خطاب میں ایڈم موسیری نے بتایا کہ آنے والے برسوں میں انسٹاگرام میں ریلز ویڈیوز کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ انسٹاگرام میں 2 چیزوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی، ایک آپ کو دوستوں سے منسلک کرنا اور دوسری مختصر ویڈیوز۔ان کا کہنا تھا کہ مختصر ویڈیوز انسٹاگرام کی شناخت ہیں اور طویل ویڈیوز سے ہمارا بنیادی مقصد متاثر ہوتا ہے۔
ایڈم موسیری کے مطابق 10 یا 20 منٹ کی ویڈیو دیکھنے پر آپ اپنے دوستوں کا کم مواد دیکھتے ہیں، اپنے دوستوں سے کم رابطہ کرتے ہیں اور آپ اپنے دوستوں کے ساتھ بھی کم مواد شیئر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد لوگوں کو دوستوں سے جوڑنا ہے اور ہم طویل ویڈیوز کے ذریعے اس کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔خیال رہے کہ ٹک ٹاک نے مختصر ویڈیوز کے ذریعے مقبولیت حاصل کی مگر اب وہ طویل ویڈیوز پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ٹک ٹاک کی جانب سے بتدریج ویڈیوز کے دورانیے میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
مئی 2024 میں ٹک ٹاک نے تصدیق کی تھی کہ ایپ کے اندر 60 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کی آزمائش کا فیصلہ صارفین کے مطالبے پر کیا گیا جو طویل دورانیے کا مواد پوسٹ کرنا چاہتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button